بھٹکل 23؍جون (ایس او نیوز)وزارت ریلوے نے سوشیل میڈیا اور پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے بعض حلقوں میں شائع ہونے والی ان خبروں کو غلط اور بے بنیا د بتا یا ہے جس میں یکم جولائی سے ریلوے ٹکٹ بکنگ اور دیگر معاملات میں بھاری تبدیلیوں اور کچھ نئی سہولتیں فراہم کرنے کی بات کہی گئی ہے۔
واضح رہے کہ پچھلے کچھ دنوں سے ہر طرف یہ خبریں گشت کررہی تھیں کہ یکم جولائی سے آن لائن ویٹنگ ٹکٹ نہیں دئے جائیں گے۔تاتکال ٹکٹ ریٹرن کرنے پر نصف رقم واپس ملے گی۔تاتکال ٹکٹ بکنگ کے اوقات میں تبدیلی ہوگی۔ کچھ ٹرینیں منسوخ کی جائیں گی۔ اور اس طرح کی دوسری باتیں عوام کے سامنے پیش کی جارہی تھیں۔جس سے ریلوے مسافروں کے ذہنوں میں بہت ساری الجھنیں پیداہورہی تھیں۔
وزارت ریلوے کی جانب سے جاری وضاحت میں کہا گیا ہے کہ میڈیا میں بغیر تحقیق کے ایسی جھوٹی خبریں جاری کی گئی ہیں۔ اور جن تبدیلیوں کااعلان ان خبروں میں ہے اس کا حقیقت سے کوئی واسطہ نہیں ہے۔ وزارت کے ترجمان کے مطابق:
* یکم جولائی۲۰۱۶ء سے ریلوے کے سسٹم میں کوئی نئی تبدیلی نہیں کی جارہی ہے۔
*ریلوے کی ونڈو بکنگ (PRS)اور آن لائن بکنگ دونوں جگہ سے پہلے ہی کی طرح ویٹنگ لسٹ والی ٹکٹ بھی فروخت کی جائے گی.
* سویدھا ٹرین کے بارے میں وزارت کا کہنا ہے کہ یہ سروس ۲۰۱۵ سے جاری ہے اور آئندہ بھی جاری رہے گی۔اور اس میں بھی ویٹنگ لسٹ والی ٹکٹ دستیاب رہے گی۔اس ٹرین کی ٹکٹ کینسل کرنے پرکچھ رقم واپس ملنے کی سہولت شروع سے موجود ہے جو آئندہ بھی باقی رہے گی۔
*ٹکٹوں کی رقم واپسی کے سلسلے میں ریلوے نے نومبر۲۰۱۵ء میں تبدیلیاں جاری کی تھیں،جو اب بھی جاری ہے اور آئندہ کے لئے اس میں کوئی بھی ترمیم نہیں کی گئی ہے۔
* یہ کہنا غلط ہے کہ ریلوے کی طرف سے شتابدی اور راجدھانی ایکسپریس میں صرف پیپرلیس ٹکٹ قبول کیے جائیں گے۔ ریلوے کی طرف سے آن لائن اور ونڈو بکنگ دونوں طرح کا نظام شتابدی اور راجدھانی کے ساتھ تمام قسم کی ٹرینوں کے لئے رائج ہے۔البتہ کچھ خاص سیکٹرز میں اضافی طورپر پہلے سے ہی پیپر لیس ٹکٹ کا سسٹم بھی ریلوے نے رائج کر رکھا ہے۔
*تاتکال بکنگ کے اوقات اے سی کے لئے صبح 10بجے اور بغیر اے سی کے لئے 11بجے جس طرح پہلے سے جاری ہیں وہی اوقات آئندہ بھی رہیں گے ۔ اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
* ٹرین یا کوچ بک کرنے کے لئے بھی چارجس کی کوئی نئی اسکیم شروع نہیں کی گئی ہے ۔ پہلے سے جو نظام ہے وہی آئندہ بھی رائج رہے گا۔
* تاتکال ٹکٹ کی رقم واپس کرنے کی اسکیم میں بھی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔موجودہ قوانین کے مطابق تاتکال کی کنفرم ؍ڈپلی کیٹ ٹکٹ واپس کرنے پر کوئی رقم واپس نہیں کی جاتی۔اوریہ قانون آئندہ بھی لاگو رہے گا۔
* ریلوے کے ذریعے مسافروں کو ان کے مقام پر پہنچنے کا الرٹ دینے کی سہولت پہلے سے ہی 139نمبر پر موجود ہے۔ اضافی طور پرکچھ راجدھانی اور شتابدی ایکسپریس ٹرینوں میں مسافروں کواس قسم کاالرٹ مفت دیا جاتا ہے۔ اس سہولت میں بھی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
* ریلوے کی طرف سے اپنا نیاٹائم ٹیبل اکتوبر۲۰۱۶ء میں جاری کیا جائے گا۔